کَڑھی کا سا اُبال
جلد فرو ہونے والا یعنی وقتی جوش یا غصہ، عارضی برہمی، جلد ختم ہونے والا غصہ
کَنگ جَہاں رَنگ
جہاں گنگا کا پانی پہنچتا ہے وہاں زمین بہت زرخیز ہو جاتی ہے اور لوگ مرفہ الحال ہوجاتے ہیں.
کا ٹاپُو میں مور ناچا کِس نےدیکھا
باہر کچھ ہی کیا کرو جب اپنے وطن میں کچھ کرو تو ہم سمجھیں کہ ہاں کچھ کیا ، پردیس میں کسی بڑے کام کرے کرنے کا لطف خاندان یا وطن والے نہیں اٹھاسکتے، جب کوئی شخص اپنی دولت کا صرف کسی ایسی جگہ کرے جہاں ابنائے وطن یا عزیز و اقارب اسے نہ دیکھ سکیں تو کہتے ہیں .
کاکا کا ہو کے نَہ بَھئے
کاکا کسی کے نہ ہوئے ، چچا کو کوئی پسند نہیں کرتا کیوں کہ وہ بڑے بھائی کا برابر کا حصہ دار ہوتا ہے
کالا کَوّا کھایا ہے
اُس شخص کی نسبت بولتے ہیں، جو بوڑھا ہوجائے مگر بالوں پر سفید نہ آئے (لوگوں کا خیال ہے کہ کالا کوا کھانے سے عمر بڑھتی ہے اور بال سفید نہیں ہوتے)
کالا کَوَّا صَدْقے کو
کالے آدمی کو مذاقاً کہتے ہیں، کالے رنگ کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، کالے آدمی کو چڑانے کے بول
کالا مُنھ ، نِیلے ہاتھ پانو
رسوائی ، بدنامی (پرانے زمانے میں دستور تھا کہ جب کسی کی حد درجہ تحقیر و تذلیل مقصود ہوتی یا اسے سخت سزا دی جاتی تو کالا منہ اور نیلے ہاتھ پاؤ کرکے گدھے پر بٹھا کر پوری بستی میں پھراتے تھے)
کان پَڑی کام آتی ہے
سنی سنائی بات کبھی نہ کبھی کام آہی جاتی ہے، سنی ہوئی مفید بات کسی وقت یاد آسکتی ہے
کانے چور کَنَونْڈے بھینْٹ
زخم پر چوٹ زیادہ لگتی ہے ، جس بات کا ڈر ہو وہی پیش آ جاتی ہے ، جس سے ملنا نہ ہو وہی اَدبدا کر سامنے آ جاتا ہے.
کانے چوٹ کَنَوڈے بھینْٹ
زخم پر چوٹ زیادہ لگتی ہے ، جس بات کا ڈر ہو وہی پیش آ جاتی ہے ، جس سے ملنا نہ ہو وہی اَدبدا کر سامنے آ جاتا ہے.
کار دُنیا کَسے تَمام نَکَرْد
(فارسی کہاوت اردو میں مستعمل) دنیا کا کام کسی نے ختم نہیں کیا ، ہر کام میں اختصار پر نظر رکھو ، زیادہ ہوس نہ کرو.
کار اَزْ دَسْت رَفْتَہ
(فارسی مثل کار از دست رفتہ تیز از کمان جستہ باز نمی آید کی تخفیف) کمان سے نکلا ہوا تیر اور ہاتھ سے نکلا ہوا کام واپس نہیں آتا ؛ مراد : وہ کام جو ہاتھ سے نکل گیا ہو
کارِ اِمروز بَفَرْدا مَگُزار
(فارسی کہاوت اردو میں مستعمل) آج کا کام کل پر نہ چھوڑ ، کام کو بروقت انجام دینے کے لیے بطور تاکید و ہدایت بولا جاتا ہے
کاتا اَولے دَوڑی
جلدی میں بے سوچے سمجھے کوئی کام کر گزرنے والے یا جب دیکھو ایک نیا مشغلہ اٹھانے والے کی نسبت بولتے ہیں ، بغیر سوچے سمجھے بولنا یا کوئی کام کرنا ، عجلت میں کوئی کام کرنا .
کاٹا اَور اُلَٹ گَیا
ڈس کر پلٹی کھانا ، سان٘پ کا قاعدہ ہے کہ کاٹنے کے بعد پلٹ جاتا ہے جس سے اس کا زہر زخم میں بھر جاتا ہے اسی وجہ سے اس کا اطلاق ایسے موذی شخص پر ہوتا ہے جو نقصان پہنچا کرنا آشنا بن جاتا ہے ۔
کاتِک بات کا ہاتَک
کاتک کے مہینے میں بات کرنے میں بی دن جاتا ہے (کیونکہ دن بہت چھوٹا ہوتا ہے)
کایا بَڑی کہ مایا
جان سے بہتر مال نہیں ہے، مراد یہ ہے کہ صحت سے بہتر مال نہیں، بخیل کی نسبت بھی بولتے ہیں جو جسم سے زیادہ دولت کو قیمتی جانے
کَبھی گُھورے کے دِن بھی پِھرْتے ہیں
زمانہ بدلتا رہتا ہے، کبھی غریبوں اور کمزورں کا زمانہ بھی بدل جاتا ہے، ان کے بھی اچّھے دن آ جاتے ہیں، غریب اور کمزور ہمیشہ غریب و کمزور نہیں رہتے، بارہ برس میں گھورے کے بھی دن پھر جاتے ہیں
کَچَہْری کا دَرْوازہ کُھلا ہے
جب دو لوگوں میں کسی معاملے کو لے کر کوئی جھگڑا ہوتا ہے تو اکثر وہ شخص جو زیادہ طاقتور ہوتا ہے دوسرے سے اس طرح کی بات کہا کرتا ہے
کَچّی رینڈی دَستَرخوان کا ضَرَر
نادان اور نا تجربہ کار آدمی کی صحبت و شرکت سے نقصان اور افشائے راز کا خوف لگا رہتا ہے ، طفل نوخیز سے احتراز کی نسبت بولتے ہیں
کَہہ گَیا بَہہ گَیا
ضائع ہو گیا ، اکارت گیا (خصوصاً جب بات یا نصیحت وغیرہ کی پروا نہ کی جائے تو بولتے ہیں).
کہیں کچھ کریں کچھ
ان کی بات کا اعتبار نہیں کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں، بے اعتبار آدمی ہیں
کَہِیں بُوڑھے طوطے بِھی پَڑْھتے ہیں
ہر بات اپنے وقت ہر مناسب ہوتی ہے ، بوڑھوں کی تربیت نہیں ہو سکتی ، ہر کام یا فن کی تحصیل کا زمانہ مقرر ہے ، اس کے گزرنے کے بعد اس کا حصول مشکل ہوتا ہے.
کہتے کی زبان نہیں پکڑی جاتی
کسی کو کچھ کہنے سے باز نہیں رکھا جا سکتا، کسی کی زبان کو بند نہیں کیا جا سکتا، کہنے والے کو کوئی نہیں روک سکتا
کم اصل سے وفا نہیں
کمینے آدمی سے کسی بھلائی یا وفا کی امید نہیں رکھنی چاہیے، کمینہ بے وفا ہوتا ہے
کَم خَرْچ بالا نَشِین
اس کام یا چیز کی نسبت بولتے ہیں، جس پر خرچ کم آئے یا جو قیمت میں کم، مگر برتنے اور دیکھنے میں عُمدہ ہو، وہ جو قیمت میں کم افادیت میں بہتر ہو
کَم خَرْچی میں آٹا گِیلا
مفلسی میں آٹا گِیلا ؛ آمدنی کم اور فضول خرچی بہت ، آٹے میں پانی زیادہ ہو جائے تو اس میں آٹا اور ڈالنا پڑتا ہے .
کَرے دَس بَھریں
ایک آدمی غلطی کرتا ہے اور متعدد یا عزیزوں کو نتیجہ بھگتنا پڑتا ہے.
کَریلا اَور نِیم چَڑھا
عموماً اس بد مزاج آدمی کی نسبت بولتے ہیں، جو کسی نمایاں وجہ سے زیادہ بد مزاج ہو جائے، کڑوا کریلا
کَرْگھا چھُوْڑ تَماشے کو جائے ناحَق چُوْٹ جُلاہا کھائے
(دو سپاہی آپس میں کسی شہر کے کوچے میں خانہ جنگی کر رہے تھے ایک جلاہا یہ خبر سنتے ہی اپنے کرگھے سے اُٹھ کر اس کوچے میں آیا اور تماش دیکھنے لگا ایک تلوار جو دوسرے کے سر سے اچٹی تو جلا ہے کے آ لگی) جب کوئی شخص دوسرے کی ریس کر کے اپنا کام چھوڑ دیتا ہے تو نقصان اٹھاتا ہے، یعنی اپنا کام چھوڑ کے اوروں کی ریس میں نقصان ہوتا ہے
کَرم ریکھا اَمِٹ ہے
تقدیر بدل نہیں سکتی، تقدیر کا لکھا مٹ نہیں سکتا، تقدیر کا لکھا ہو کر رہتا ہے
کَرتے کی بِدّھیا
علم کی وہ پختگی جو تجربہ اور مشق سے پیدا ہوتی ہے، کرتے رہنے کی مہارت کا نتیجہ ، مسلسل مشق کے سبب علم کی پختگی مشاقی سے ہاتھ درست رہتا ہے ، مشق سے کامیابی حاصل ہوتی ہے .
کَرْتے کی بِدّیا
علم کی وہ پختگی جو تجربہ اور مشق سے پیدا ہوتی ہے، کرتے رہنے کی مہارت کا نتیجہ ، مسلسل مشق کے سبب علم کی پختگی مشاقی سے ہاتھ درست رہتا ہے ، مشق سے کامیابی حاصل ہوتی ہے .
کَون کَہْتا ہے
ایسا کرنے کو کسی نے نہیں کہا، ایسا نہیں کرنا چاہئے، میں نہیں کہتا، کوئی نہیں کہہ سکتا، کسی کی مجال نہیں کہ کوئی کچھ کہہ سکے، کس نے کہا، اگر کوئی کہتا ہے تو غلط کہتا ہے، ۔کوئی نہیں کہتا
کَون کسی کا
کوئی کسی کا نہیں ہوتا، کوئی اپنا نہیں، ہر کوئی خود غرض ہے
کَون کِسی کے ساتھ مَرْتا ہے
کوئی کسی کا ساتھ نہیں دیتا ، مرنے والے سے لاکھ محبت ہو کوئی اُس کے ساتھ نہیں جا سکتا ، کوئی کسی کے ساتھ نہیں مرتا، سب لاچار ہیں.
کَھڑا کھیل فَرُّخ آبادی
زنا کاری ، بغیر نکاح یا عہد کے وپیماں کسی عورت سے تعلقات قائم کرنا ، ناجائز تعلقات. تھوڑی دیر کا جنسی تعلق ، بغیر کسی جھمیلے کے وقتی عیاشی.
کَھڑا تَخْتَہ پَڑا شَہْتِیر
کھڑا تختہ ، پڑا شہتیر ، دونوں قوت میں برابر ہوتے ہیں ، سیدھا افقی حالت میں تختہ اور لیٹی ہوئی حالت میں شہتیر : غیر مستعد اور آرام طلب آدمی.
کَھڑے رَسّی بَیٹھے کوس، کھاتے پِیتے تِین کوس
آدمی سفر میں جتنی دیر کھڑا رہتا ہے اتنی دیر میں ایک رسی جتنی دیر بیٹھتا ہے اتنی دیر میں ایک کوس اور کھانے پینے میں جتنا وقت ضائع کرتا ہے اتنے میں تین کوس چل سکتا ہے، مطلب یہ ہے کہ اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے
کھائی بَھلی کہ مائی
کھانا ماں سے زیادہ پیارا ہوتا ہے، ماں کی محبت نہیں بلکہ اس کے ناز و نعم کی محبت ہوتی ہے
خالَہ کی مِہمانی ہاتھ ڈال پَچھتانی
غیر جگہ کی مداخلت یا دست اندازی میں افسوس ہی افسوس ہوتا ہے، خالہ کے گھر بہت دفعہ جائیں تو پھر خاطر تواضع نہیں ہوتی، بہت دفعہ کہیں نہیں جانا چاہیے
خالی گَھر دِیوانی بِیوی
تنہائی سے وحشت ہوتی ہے یا جو شخص خواہ مخواہ اپنے گھر کی آراستگی میں مصروف رہے اس کی نسبت بھی بولتے ہیں .
خام کو کام سکھا لیتا ہے
جس کو کام نہیں آتا، کام پڑنے پرسیکھ جاتا ہے، تجربہ آدمی کو پکا بنا دیتا ہے، ناقص آدمی تجربے سے مشتاق ہوجاتا ہے
خاموشی نِیم رَضا
رک : الخاموشی نیم رضا ، کسی کی بات سن کر خاموش ہوجانا بڑی حد تک اس کی تصدیق و توثیق یا تسلیم کرنے کے برابر ہے .
خانِ خاناں کھانے میں بِطانَہ
۔مثال۔ بِطانہ۔ پوشیدہ چیز۔ منعم خاں۔ خاناناں کسیکو کھانا بھیجتا تو اس میں پوشیدہ طور پر اشرفیاں رکھ دیتا۔ پوشیدہ احسان کرنے پر بولتے ہیں۔
کھاوے مُونگ رَہے اُونگھ
کمزور غذا کھانے والا کمزور ہی رہتا ہے، جیسی غذا ویسی ہی طاقت اور اثر، مونگ کھانے والا سسست ہو جاتا ہے
کھاوے پان، ٹُکڑے کو حَیران
تن پہ نہیں لتّہ پان کھائیں گے البتّہ، مفسلی میں بڑا مزاج، غریبی میں شوقین اور غربت میں امیروں کی نقل کرنا
کھاوے تو آوے
کچھ اُمید ہو تو اطاعت کرے ، فائدہ کی اُمید ہو تب ہی کوئی کسی کے پاس آتا ہے .
خاوِند چون کا بھی بُرا ہوتا ہے
مالک اگر آٹے کا بنا ہوا بھی ہو تو برا ہوتا ہے مطلب یہ ہے کہ چاہے مالک کتنا سیدھا اور نیک ہو مگر خدمت گار کو ہمیشہ بُرا لگتا ہے .
کھایا بَڑی کہ مایا
کھانا اچھا یا روپیہ جمع کرنا ، دولت کی بڑائی اور برتری ظاہر کرنے کے موقع پر مستعمل .
خَر عِیسٰی بَآسْماں نَہ رَوَد
کمینہ آدمی اچھے آدمیوں کی صحبت سے بھی اس قابل نہیں ہوتا کہ کسی اونچے درجے پر پہنچ جائے، اگر کسی اچھے آدمی سے کچھ تعلق ہو مگر اس میں ذاتی خوبیاں نہ ہوں تو وہ اس تعلق کی بنا پر اچھے مرتبے پر نہیں پہنچ سکتا
خَرگوش کے سِینگ کی طرح غائب ہوجانا
خرگوش کے سینگ نہیں ہوتے یعنی یہ ناممکنات میں سے ہے سنسار جب اپنے باہری روپ کے ساتھ خرگوش کے سینگ کی طرح غائب ہو جاتا ہے اور صرف ست ہی ست رہ جاتا ہے تب وہی ست سامانیہ ہے
خَس کَم جَہاں پاک
یہ کہاوت اس جگہ بولتے ہیں جہاں کسی شے یا آدمی کا ہونا یا نہ ہونا دونوں برابر ہوں
کَھٹّا اَنگُور کَون کھائے
مشہور کہانی ہے کہ ایک لومڑی درخت میں انگور کا خوشہ دیکھ کر بہت للچائی اور اس تک پہنچنے کی کوشش بھی کی لیکن نہ پہنچ سکی آخرکار بولی جانے بھی دو ، کھٹّا انگور کون کھائے ، یہ اس موقع پر بولتے ہیں جب کوئی کسی کام میں کوشش کرے اور ناکامیاب ہونے پر اس میں عیب لگا کے چھوڑ دے اب ایسے موقع پر ”انگور کھٹے ہیں“ بولتے ہیں.
کھیلیں گے نَہ کھیلْنے دیں گے
ضد میں نہ تو خود کرنا نہ دوسروں کو کرنے دینا، کسی کے ساتھ جانب داری کرنا، کسی کام میں ضد کرنا، نہ خود کرنا نہ دوسرے کو کرنے دینا
کھیتی خَصَم سیتی
کھیتی میں خود مالک کو کام کرنا چاہیے، دوسروں پر چھوڑ دینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا، کام مالک کی توجہ اور اس کی ذاتی دلچسپی ہی سے اچھی طرح ہوتا ہے
خِدمَت سے عَظمَت ہے
محنت و مشقت سے کامیابی ملتی ہے، مالک کو خوش رکھنے سے عزت بھی ملتی ہے اور فائدہ بھی حاصل ہوتا ہے، خدمت کرنے سے عظمت ثابت ہوتی ہے
کِھینْچا تانی وہ بَھرے جو پَرائے بِیچ میں پَڑے
جو دوسروں کی باتوں میں دخل دے اسے مارا مارا پھرنا پڑتا ہے، دوسروں کی باتوں میں دخل دینے والے کو پریشانی اٹھانی پڑتی ہے ، جو دوسروں کے معاملات میں دخل دیتا ہے اسے کھینچا تانی میں مبتلا ہونا پڑتا ہے یعنی کبھی ایک فریق اسے نشانۂ تنقید بناتا ہے کبھی دوسرا .
کِھیل بَتاشوں کا مُنْہ
شیخ چلّی (ایک افسانوی کردار) ایک مرتبہ کچھ مال چُرا کر لایا ، اس کی ماں کو اندیشہ تھا کہ یہ چوری کا حال چُھپا نہیں سکے گا لہذا اس نے مال چھپا دیا اور کھیلیں بتاشے اس طرح گرائے کہ شیخ چلّی سمجھے کہ یہ آسمان سے گرے ہیں ، تحقیقات ہونے پر شیخ چلّی نے چوری کا اقبال کرلیا اور بتایا کہ جس دن کھیل بتاشوں کا مین٘ھ برسا تھا اس دن میں نے چوری کی تھی ، یہ مثل اس موقع پر مستعمل ہے جب کوئی غیر معین زمانہ بتائے یا اُوٹ پٹان٘گ بات کرے .
خِلقَت بِھیڑِیا دَھسان ہے
لوگ آنکھ بند کر کے یا بے سوچے سمجھے دوسروں کے پیچھے ہو لیتے ہیں جیسے بیڑوں کا طریقہ ہے جدھر ایک چلی اسی طرف سب بھیڑیں چلنے لگتی ہیں ؛ لوگ دوسروں کی دیکھا دیکھی کام کرتے ہیں .
کِھسیانی بِلّی کَھمبا نوچے
جسے غصہ آرہا ہو وہ دوسروں پر اپنی جھلاہٹ اتارتا ہے، بے بسی میں آدمی دوسروں پر غصہ اتارتا ہے، شرمندہ شخص دوسروں پر اپنی شرمندگی اتارتا ہے، کمزور کی جھنجھلاہٹ
خِضْر نے ناؤ ڈُبوئی
رک : نیز ناؤ کِس نے ڈُیوٹی خواجہ نے خضر نے یعنی جن سے فائدہ کی اُمید تھی انھوں نے نُقصان پہنچایا ، خلافِ توقع نقصان پہنچنے پر بولتے ہیں
کھودے کُوا آپی ڈُب مُوا
اپنی ہلاکت یا تباہی کے خود اسباب پیدا کرنا ، ایسے شخص کے لیے بولتے ہیں جو دوسروں کی تکلیف کا سامان کرتا ہے مگر خود ہی اس کا شکار ہو جاتا ہے.
کھول گھڑا، کر دھڑا
ایسے آدمی کے لئے کہتے ہیں جو کسی چیز کو لینے کے لئے بہت جلدی مچائے لیکن دینے کے لئے جس کے پاس پورے دام نہ ہوں
خُدا دیکھ کے جامَہ قَطع کَرْتا ہے
(عو) شوہر اور بیوی دونوں ہم مذاق اور ایک مزاج کے ہوں تو کہتے ہیں (نیز کسی حسب موقع یا حسب حال چیز کے لئے بھی کہتے ہیں)، یعنی شوہر اور بیوی دونوں ایک مزاج کے ہیں
خُدا کو مُنھ دِکھانا ہے
(ناروا بات پر دوسرے کو عبرت دلانے یا اپنی برائت دِکھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے) ، اللہ کے سامنے جانا ہے ، مرنا ہے ، اللہ سے ڈرو.
کُھرْلی میں ایک کُتّا
یہ مثل اس شخص کے لیے بولتے ہیں جو ایسی چیزیں دوسروں کو استعمال نہیں کرنے دیتا جو اس کے لیے کسی صورت سے کارآمد نہیں ہے.
خُشْکَہ کھاؤ پَنِیر کے ساتھ
چوں کہ بے محل بات کا یہ جواب ہوتا ہے اس لئے پنیر اور خشکہ یعنی بے مثل چیزوں کا نام لیا جاتا ہے، خود کماؤ خود مزے سے کھاؤ، چلو ہٹو، سرکو، اپنا رستہ لو، رخصت ہو، چمپت ہو
خُذ ما صَفا
(اختیار کرے جو کچھ ٹِھیک ہے) معقول بات اختیار کرنے کے موقع پر مستعمل.
خُذما صَفیٰ
(اختیار کرے جو کچھ ٹِھیک ہے) معقول بات اختیار کرنے کے موقع پر مستعمل.
خُذ ما صَفٰی دِع ما کَدِر
اختیار کرو کجو کچھ کہ پاک (سچ ہے) اور چھوڑ دو وہ جو ناپاک یا گدلا ہے (معقول بات اختیار کرنے اور بُری بات ترک کرنے کے موقع پر مستعمل)
خُذ ما صَفا دِع ما کَدِر
اختیار کرو کجو کچھ کہ پاک (سچ ہے) اور چھوڑ دو وہ جو ناپاک یا گدلا ہے (معقول بات اختیار کرنے اور بُری بات ترک کرنے کے موقع پر مستعمل)
کِہ کَرد کِہ نَیافْت
(فارسی کہاوت اردو میں مستعمل) جس نے کیا اس نے پایا، ہر شخص کو اپنے اعمال کا نتیجہ ملتا ہے
کی لاٹھی دَس کا بوجْھ
ایک شخص پر کئی آدمیوں کے مصارف کا کا بار یا ذمہ داری ، ایک شخص کی بدولت کئی آدمیوں کی مشکل حل.
کوڑھ میں کھاج
مصیبت پر اور مصیبت آتی ہے، آفت پر آفت، مشکل در مشکل، ستم بالائے ستم
کوڑھی ڈَراوے تُھوک سے
ادنیٰ آدمی لوگوں کو تنگ کرنے کے لئے مکروہ حربے اختیار کرتا ہے کیونکہ اس کے ان حربوں کا کوئی جواب نہیں دیا جا سکتا
کوئی کَم نَہ سَمْجھے
ہجو ملیح ہے یعنی آپ پڑے بدذات ہیں، بڑے ہوشیار ہیں، بڑے چلتے ہوئے ہیں، دور کی کوڑی لاتے ہیں
کوئی کِسی کی قَبر میں نَہِیں جاتا
کسی عزیز کی خاطر جھوٹ نہ بولنے اور ایمان نہ کھونے کے محل پر بولتے ہیں یعنی ہر ایک اپنے اعمال کا نتیجہ بھگتے گا کسی کے واسطے بے ایمانی نہیں کی جا سکتی
کوئی تاپے کِسی کا گَھر جَلے
ایک کو تکلیف ہو دوسرا خوشی منائے ، کسی کا نقصان کسی اور کے لطف یا خوشی کا سب ہو ، (رک : کوئی مَرے کوئی مَلاریں گاوے)
کوسا جِئے اَسِیسی مَرے
مرنا جینا کسی کی خواہش سے نہیں بلکہ مقدّر سے ہوتا ہے جسے مرنے کی بددعا دی جائے وہ نہیں مرتا جس کو جینے کی دعا دی جائے وہ مر جاتا ہے.
کُنوار جاڑے کا
کنوار کا مہینا شروع ہوا نہیں کہ جاڑے آگئے ، سردی کا موسم کنوار سے شروع ہوتا ہے
کنوار کا سا جھلا، آیا برسا چلا
کنوار کے مہینے میں بارش بہت زور سے ہوتی ہے، مگر تھوڑی سی دیر ٹھیر کر آسمان صاف ہو جاتا ہے اس شخص کے متعلق کہتے ہیں، جسے بہت غصہ آئے اور تھوڑی دیر بعد جاتا رہے
کُنواری کو سَدا بَسَنْت
آزاد اور مجرّد کے لئے ہروقت خوشی کا موقع ہے، مراد یہ ہے کہ غیر شادی شدہ عورت کو وہ دکھ نہیں ہوتے، جو شادی کے بعد سہنے ہوتے ہیں
کُچْھ تُم سَمجھے کُچھ ہَم سَمجھے
۔(قصَّہ) ایک پیادہ مسافر ہزار روپے لیے جاتا تھا رستہ میں ایک سوار ملا۔ دونوں کی بات چیت ہوئی۔ پیادہ نے سوار سے کہا کہ یہ میرے روپیہ دوسری منزل تک رکھ لو۔ سوار نے بوجھ باندھنے سے انکار کیا اور آگے بڑھ گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد سوار کو افسوس ہوا کہ ہزار روپے مفت میں کھوئے اورپیادہ مسافر اس بات سے خوش ہوا کہ بھلا ہوا جو سوار نے انکار کردیا ورنہ روپیہ ہاتھ سے اکل ہی جاتا اور پھر ہاتھ نہ آتا۔ اتفاق سے پھر دونوں ملے۔ سوار نے کہا لاؤ میاں مسافر تمھارا روپیہ رکھ لیں۔ اس وقت اس نے جواب مےں یہ فقرہ کہا کہ کچھ تم سمجھے کچھ ہم سمجھے اور جب سے یہ مثل مشہور ہوگئی۔ کسی بات کا تمھیں خیال ہوا اور کسی بات کا ہمیں۔ یعنی دل ہی دل میں دونوں مججھ گئے۔ راز کی باتیں۔ ؎
کُل اِناءِِ پَتَرَشَّحُ بِما فِیہ
(عربی مقولہ اردو میں مستعمل) ہر برتن سے وہی چیز ٹپکتی ہے جو اُس میں ہوتی ہے، اس قول سے اکثر یہ مراد ہوتی ہے کہ جو دل میں ہوتا ہے وہی زبان پر آتا ہے یا جو جیسا ہوتا ہے ویسا کام کرتا ہے
کُلُّ مَن عَلَیہا فان
(قرآنی آیات بطور کہاوت مستعمل) ہر چیز کو جو روئے زمین پر ہے فنا ضروری ہے، روئے زمین پر جو چیز ہے وہ فانی ہے.
کُنْجْڑے کی اَگاڑی، قَسائی کی پِچھاڑی
کبڑیے کے یہاں جب سبزی خریدے تو ہوشیاری یہی ہے کہ پہلے خریدے اس لیے کہ کبڑیا پہلے صاف سبزی بیچتا ہے اور آخر میں خراب مال فروخت کرتا ہے اور قسائی کے یہاں جب گوشت خریدے تو آخر میں اس لیے کہ قسائی ابتدا میں خراب مال بیچتا ہے اور آخر میں اچھا مال فروخت کرتا ہے.
کُتّا بھی اَپنی گَلی میں شیر ہوتا ہے
اہنے علاقے میں ہر شخص کی جرأت بڑھ جاتی ہے ؛ حمایتوں کو دیکھ کر سب کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں ، اپنے ٹھکانے پر موجود ہو تو انسان کا حوصلہ بڑھا ہوا ہوتا ہے.
کُتّا دیکھے گا نَہ بَھونکے گا
حریص اور لالچی کو کسی کے مال کا پتا چل جا ئے تو ضرور اسے کھسوٹنے کی تا ک میں لگے گا ، اس لیے دشمن کے سامنے سے ہٹ جانا بہتر ہوتا ہے .
کُتّے کا بَیری کُتّا
ہم جنس یا آپس والے ہی دشمنی کرتے ہیں ، ابنائے جنس ہی ایک دوسرے کو ستاتے ہیں ، آدمی کا آدمی دشمن ہے.
کُتّے کو گھی ہَضْم نَہِیں ہوتا
کم ظرف کو کوئی اچھی چیز مل جائے تو وہ اسے سنبھال نہیں سکتا، جسے حیثیت سے زیادہ مل جائے وہ چھچھورپن کی باتیں کرنے لگتا ہے، کم ظرف میں حوصلہ نہیں ہوتا
کُوزے میں دَریا بَنْد کَرنا
. بڑے مضمون کو تھوڑے لفظوں میں بیاں کرنا، کسی طویل مضمون کو نہایت ایجاز و اختصار کے ساتھ پیش کر دینا، چھوٹی چیز میں بڑی چیز کو سمو دینا.
کیا جاتی دنیا دیکھی
کیا دنیا کے فانی ہونے کا احساس ہو گیا، جو تمہارے رویے میں اتنی تبدیلی آ گئی (کسی کی خلاف عادت نیکی یا حُسنِ عمل دیکھ کر کہتے ہیں)
کیا خدا ہے
ایسا شخص نہیں، جس سے سرتابی نہ ہو سکتی ہو
کیا خدائی ہے
خدا تعالیٰ کی کیسی شان اور قدرت ہے، کیا شان الٰہی ہے (حیرت، طنز اور طعنے کے موقع پر بولتے ہیں)
کیا کیا نہ کیا
کون سی کسر باقی رکھی، سب کچھ تو کیا، کون سی کسر اُٹھا نہ رکھی
کیا لینا
کوئی غرض نہیں ؛ بے مصرف ہے ، بے کار ہے.
کیا پَٹاک پَڑے تھے
کیسا غُل ہنگامہ ہوتا تھا ، کیا رونق یا خوش حالی ہوئی تھی ، کچھ بھی نہ تھا.
کیا صَرّافے کا ٹَکا ہے
مفت کا مال سمجھ کر بیدریغ خرچ کرنا کسی طرح مناسب نہیں ، بلامحنت حاصل کردہ سرمایہ سہی لیکن یہ فضول خرچی مناسب نہیں.
کیا اُدھار کی ماں مَری ہے
لین دین کا دستور دُنیا سے اُٹھ نہیں گیا ہے، تم نہیں دو گے تو دوسرے سے لیں گے، اس موقع پر مستعمل جب کوئی قرض دینے میں حیلہ حوالہ کرتا ہے