چالِیس چِلّے چَوراسی آسَن
ریاضت کرنے والوں کو چوراسی آسنوں میں سے کسی آسن کو اختیار کرنا چاہیے ، کیونکہ فقرائے ہنود کے ہاں کوئی آسن چوراسی قسم سے باہر نہیں ہے اور چلہ چالیس دن سے کم نہیں ہے یعنی فقیری کی کل کائنات اتنی ہے.
چالیس سُتون
بہت سے ستون والا، (چالیس ستونوں کا) محل یا عمارت وغیرہ
چار سا برا احوال
گھوڑے کے متعلق کہتے ہیں، چار سال تک خرچ ہوتا ہے، اُس کے بعد سواری کے قابل ہوتا ہے
چارُو سو بھارُو
بہت کھانے والا دوسروں کے لئے موجبِ تکلیف یعنی بوجھ ہو جاتا ہے، جو بہت کھاتے ہیں وہ زیادہ بوجھ بھی اٹھا سکتے ہیں، جو حیوان بہت کھاتا ہے وہ موٹا ہو جاتا ہے
چاتُر کی دُور بَلا
چالاک شخص کسی نہ کسی تدبیر سے اپنے آپ کو ہر مصیبت اور بلا سے بچا لیتا ہے
چَل میرے چَرْخے چَرَّخ چُوں کَہاں کی بُڑِھیا کَہاں کا تُوں
ایک بڑھیا اپنی بیٹی سے ملنے گئی ، جن٘گل میں اسے شیر چیتا اور بھیڑیا اور دوسرے جانور ملے اس نے اپنی جان ان سے یہ کہہ کر بچائی کہ وہ واپسی پر موٹی ہوکر آئے گی ، تب کھانا واپسی پر وہ ایک چرخے میں بیٹھ گئی اور جب کوئی جانور ملتا تو یہ فقرہ کہہ دیتی وہ گھبرا کر بھاگ جاتا.
چَل چَخی
دور ہو، دفع ہو، لمبا بن، چلا جا
چَمگادَڑ کے گَھر آئی چَمگادَڑ آ بُوا لَٹَک رَہیں
بدوں کی صحبت سے نیکوں پر آفت آتی ہے برے نیکوں کے بہکانے اور بگاڑنے والے ہوتے ہیں؛ جب کسی مہمان کو صاحب خانہ کی وجہ سے بپتا اُٹھانی پڑے یعنی جو تکلیف صاحب خانہ پر گزرے وہی یہ بھی برداشت کرے یا رنج و تکلیف پر قناعت کرنے پر بھی کہتے ہیں.
چَنا مَرد ناج ہے
چنا جواں مردوں کی خوراک ہے، چنا سبھی اناجوں سے بڑھ کر طاقت بخش ہوتا ہے
چَراغ جَلا، پُوت گَلا
لڑکے جب کھیلتے ہیں اور ایک کی بازی دوسرے کے سر ہو جاتی ہے تو شام کے بعد مطالبہ کرنے پر یہ فقرہ کہتے ہیں یعنی کہ اب مطالبے کا وقت نہیں رہا
چَراغ کے نِیچے اَندھیرا
اس موقع پر مستعمل، جہاں کسی نیکی خوبی یا فائدے کی بات سے قریب تر اشخاص وغیرہ محروم ہوں یا بیگانوں کو فائدہ پہن٘چے اور یگانے محروم رہیں، روشن دلوں سے بے خبری واقع میں آئے
چَراغ سے چَراغ جَلتا ہے
علم سے علم کی روشنی پھیلتی ہے، اولاد سے ہی اولاد بڑھتی ہے، ایک قابل شخص سے دوسرے کو مدد ملتی ہے
چَراغ تَلے اَندھیرا
اس موقع پر مستعمل ہے جہاں کسی نیکی، خوبی یا فائدے کی بات سے قریب تر اشخاص وغیرہ محروم ہوں یا بیگانوں کو فائدہ پہنچے اور یگانے محروم رہیں، آنکھ پرغفلت کا پردہ
چٹورا کُتّا، اَلونی سِل
طامع کچھ بھی نہیں چھوڑتا سِل تک چاٹ جاتا ہے، چٹورے آدمی کو جو مل جائے وہی بہت ہے، چٹورے آدمی کو جب کہیں مایوس ہونا پڑے تب بھی کہہ سکتے ہیں
چَوکی گاؤں والوں کو لُوٹ کھاتی ہے
پولِس کی چوکی عام طور پر وہاں مقرر کی جاتی ہے جہاں لوگ بہت شرارتی ہوں، پولیس والے اپنے کھانے کا خرچ عموماً انہیں لوگوں سے پورا کرتے ہیں
چِھینکے ایک ناک کاٹے
اس موقع پر طنزاً بولتے ہیں کوئی شخس ادھورا کام کر کے باقی دوسرے کے لیے چھوڑ دے.
چھوڑے گاؤں کا نام کیا
جس جگہ یا کام کو ترک کر دیا اس سے کیا واسطہ، جس سے کوئی تعلق نہیں رہا اس کا ذکر کرنا فضول ہے
چھوٹا منہ، بڑی بات
اپنی لیاقت سے زیادہ بڑی بات کرنا، حوصلہ سے زیادہ دعویٰ کرنا، بزرگوں کے سامنے جرأت کا مظاہرہ کرنا
چھوٹی کَھوٹی
کم سن نادان کی نسبت کہتے ہیں، چھوٹے کم عقل ہوتے ہیں.
چُھوا اَور مُوا
شرارتی آدمی کے متعلق کہتے ہیں کہ جس کی طرف توجہ کی اس کو تباہ کر دیا.
چِڑا مَرَن گَنوار کی ہانسی
کسی کو تکلیف پہن٘چے، کسی کو لطف آۓ ، ہماری جان گئ آپ کی ادا ٹھہری، کسی کا نقصان ہوتا ہے کوئ خوش ہوتا ہے.
چور کا حال سو میرا حال کرنا
اپنی صفائی یا سچائی ظاہر کرنے کے لئے کہتے ہیں کہ اگر میں نے کوئی غلطی کی ہے تو مجھے وہی سزا دی جائے جو چور کو دی جاتی ہے
چور کا جی کِتنا
چور ذرا سی بات سے ڈر جاتا ہے، چور ڈرپوک ہوتا ہے، اس میں ہمت نہیں ہوتی
چور کا شاہِد چَراغ
چراغ کی روشنی میں چور پہچان لیا جاتا ہے اس لئے چور اجالے میں چوری نہیں کرتا
چور کِھڑکی گَھر کا ناس
اگر بیوی خاوند سے چھپا کر خرچ کرتی ہو یا بد چلن ہو یا آشنا کو دے دیتی ہو تو گھر میں کچھ نہیں رہتا
چور کی داڑھی میں تِنکا
مجرم اپنے افعال و حرکات سے پہچانا جاتا ہے، مجرم کا بذاتِ خود اپنا جرم بتا دینا یا کسی طرح اپنا جرم ظاہر کردینا
چور سب گھر لے مَرے
چور پکڑا جائے تو ساتھیوں کو بھی پکڑا دیتا ہے، یہاں تک کہ بے قصوروں کو بھی پکڑا دیتا ہے
چوری اور سَر زوری
اپنے قصور پر نادم نہ ہو کر اُلٹا دوسرے کو قصور وار ٹھہرانا، اپنی غلطی نہ سمجھنا، سرکشی کرنا اور اکڑنا، ڈھٹائی سے سامنا کرنا
چُپ سَو کو ہَرائے
انسان مد مقابل کی بات کا جواب نہ دے تو وہ خود ہار جھک مار کر چپ ہو جاتا ہے.
چُپ سو بَلا کو ٹالے
خاموشی ہزار طرح کی آفتوں سے بچاتی ہے ، چپ رہنے میں آدمی بہت سے الجھاووں اور ذمہ داریوں سے بچا رہتا ہے.
چُپ، آدھی مَرضی
کوئی جواب میں خاموش رہے تو سمجھتے ہیں کہ وہ مان گیا ہے، خاموشی نصف رضامندی ہے
چُپْڑی اور دو دو
عمدہ بھی اور زیادہ بھی، حسب منشا اور بکثرت، کامیابی اور بہت سے فائدوں کے ساتھ (ایسے مواقع پر مستعمل)
چُوں قَضا آیَد طبیب اَبْلَہ شَوَد
جب موت آتی ہے طبیب اندھا ہو جاتا ہے یعنی جب موت کا وقت آجاتا ہے تو طبیب کی بھی عقل ناکارہ ہو جاتی ہے، موت کا کوئی علاج نہیں اس وقت حکیم بھی بے وقوف بن جاتا ہے
چُوکا اور گیا
جس نے غلطی کی، نقصان اٹھایا، جو چُوکتا ہے وہ نقصان اٹھاتا ہے